اسلام آباد میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب

کراچی: گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شہروں کی طرح اسلام آباد میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے گلگت بلتستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے گندم کی سبڈی واپس لینے کے فیصلے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہرنقوی اور راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے ہاتھوں میں گندم سبسڈی واپس لینے کیخلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

جن پر جی بی حکومت کے فیصلے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گلگت کے عوام نے ڈوگرا راج سے اپنے زور بازوں سے آزادی حاصل کی اور پاکستان سے الحاق کیا لیکن آج انہیں اس کے بدلے میں کچھ بھی نہیں مل رہا، نہ انہیں آئینی حقوق مل رہے ہیں اور نہ ہی کوئی اور سہولت دی جارہی ہے۔ ظہیر نقوی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کا استحصال کیا ہے، اور غریب عوام سے گندم پر دی جانے والی سبسڈی بھی واپس لے لی ہے جو قابل مذمت فعل ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کو دی جانیوالی سبسڈی ختم کرنے کا اعلان واپس لے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا۔