خیبر پختونخوا میں 13 فیڈر بند کر کے 1 ارب 33 کروڑ کی بجلی چوری روکی ، عابد شیر علی

Abid Sher Ali

Abid Sher Ali

ملتان (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان تحفظ آرڈیننس میں نواز شریف اور حکومت کا ذاتی مفاد نہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کا بل پر بحث کی بجائے میں نہ مانوں والی بات پر عمل پیرا ہو نا ملکی مفاد کیساتھ زیادتی ہے۔

ملتان سرکٹ ہاوس میں گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحفظ آرڈیننس دہشتگردی اور دہشتگردوں کیخلاف ہے جس سے نظام کی بہتری کیلئے پیش کیا گیا ہے جس پر بحث کی بجائے اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں کاپیاں پھاڑ کر گوانتا نامو بے جیسا ماحول بنانا انتہائی زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ بل لانے کے باوجود بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اگر نہ لاتے تو بھی اپوزیشن نے نہیں بخشنا تھا۔

عابد شیر علی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں 13 فیڈرز بند کر کے ایک ارب تیتیس کروڑ روپے کی بجلی کو چوری سے بچایا جس پر سیاستدانوں کا صوبائی تعصب کو فروغ دینا درست نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف کا ٹرائل عدالتوں میں ہے اور اب مشرف کے مستقبل کا فیصلہ بھی عدالتیں ہی کریں گی جس کو فوج کیساتھ نتھی کرنا مناسب نہیں اس موقع پر رانا ثنا اللہ کی تنقید کے متعلق عابد شیر علی نے کہا کہ را نا صاحب بہکی بہکی باتیں کرتے ہیں جن کا جواب چھوٹے بھائی کی حیثیت سے نہیں دوں گا۔