اسلام آباد (جیوڈیسک) فاروق ایچ نائیک نے سابق صدرآصف زرداری کے خلاف نیب کے پانچوں ریفرنسز میں دلائل مکمل کر لیے ، کہتے ہیں احتساب بیورو عدالت کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے ، نیب نے جوابی دلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کےجج محمد بشیرنے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ احتساب بیورو عدالت کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے۔
میں اپنی اس بات کو ثابت کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ سیف الرحمان نے دو مرتبہ مجھے بھی جہاز سے آف لوڈ کیا۔میرا نام ٹیکس نادہندہ کے طور پر ای سی سی ایل میں ڈالا گیا۔
فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز کی تحقیقات بدنیتی پر مبنی ہیں ، آصف زرداری کے خلاف کوئی ٹھوس گواہ یا شہادتیں بھی ریکارڈ میں موجود نہیں ، جھوٹے ریفرنس کی وجہ سے آصف زرداری کو آٹھ سال جیل میں رہنا پڑا۔
بے نظیربھٹو کو بھی جھوٹے مقدمات کی بنیاد پر جلاوطنی کاٹنا پڑی۔ فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کے خلاف پانچوں ریفرنسز میں دلائل مکمل کر لیے۔ نیب نے جوابی دلائل کے لیے مہلت مانگ لی۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت اٹھائیس اپریل تک ملتوی کر دی۔