ٹانک میں مظاہرین نے طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف عابد شیر علی کا علامتی جنازہ نکال دیا

Tank

Tank

ٹانک (جیوڈیسک) 22 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیرعلی کا علامتی جنازہ نکال دیا۔ 20 سے 22 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف گومل، جتاتر اور دیگرعلاقوں کے 80 سے زائد دیہاتوں کے لوگوں نے جنوبی وزیرستان روڈ پر دھرنا دیا اور گرہ بلوچ کے مقام پر ٹائر جلا کر شاہ راہ کو بند کر دیا جب کہ مظاہرین نے وزیرمملکت عابد شیر علی اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے علامتی جنازے بھی نکالے جس کے باعث 5 گھنٹوں تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔

مقامی عمائدین نے اعلان کیا کہ لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو گومل زام ڈیم سے نیشنل گرڈ کی سپلائی لائن کاٹ دیں گے اور پولیو مہم بھی نہیں چلانے دی جائے گی۔ احتجاج کے دوران ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس حکام نے 5 دن میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔