مصباح کو اپنی قوت فیصلہ کو بہتر کرنا ہو گا، جلال الدین

Jalaluddin

Jalaluddin

حیدر آباد (جیوڈیسک) ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ کی پہلی ہیٹ ٹرک کا اعزاز پانے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے اپنے ریکارڈ ہولڈرگراؤنڈ نیاز اسٹیڈیم کی حالت زار دیکھ کر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جلال الدین نے ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی ہیٹ ٹرک 1982 میں آسٹریلیا کیخلاف اسی میدان میں بنائی تھی، دورئہ حیدرآباد کے موقع پر جب وہ اپنی خوشگوار یادوں کو تازہ کرنے کے لیے نیاز اسٹیڈیم پہنچے تو وہاں پہنچتے ہی جہاں انھیں خوشی ملی وہیں گراونڈکی حالت زار دیکھ کر شدید دھچکا بھی لگا۔

اس موقع پر جلال الدین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کئی بار حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم آئے ہیں، لیکن اس وقت وہ خصوصی طور پر اُن یادوں کو تازہ کرنے آئے ہیں کہ جب انھوں نے 22 سال قبل آسٹریلیا کیخلاف ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی تھی۔ انھوں نے اس بات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دیگر اسٹیڈیم کے انکلوژرز کو تو صرف ’’ایک ایک ٹیسٹ‘‘ کھیلنے والوں کے نام سے منسوب کیا ہوا ہے، لیکن ان کے تاریخی ریکارڈ کو فراموش کر دیا گیا ہے۔

انھوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک میں جب انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی ہے تو پی سی بی کو نیاز اسٹیڈیم میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچز کا انعقاد کرانا چاہیے۔