کراچی، فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ، 7 زخمی، ایک لاش ملی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے،تین ہٹی پل کے نیچے سے ایک مغوی کی لاش ملی جسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے تین ہٹی پل کے نیچے ندی میں ایک شخص کی لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا، ایس ایچ او شکیل شیروانی نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے مغوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پرگولی مار کرقتل کیااورلاش ندی میں پھینک دی ، مختلف نجی ٹی وی چینل پر لاش ملنے کی خبر نشر ہونے پر سلمان نامی شخص نے عباسی شہید اسپتال میں لاش کواپنے بھائی 35 سالہ عمران الرحمن کے نام سے شناخت کر لیا ایس ایچ اوکے مطابق مقتول گارڈن کے علاقے دھرم سی واڑہ کا رہائشی اور 5 بچوں کا باپ تھا اوربابا سوٹ کی سلائی کا کام کرتا تھا، مقتول منگل کو رات ساڑھے 9 بجے کے قریب کارخانے سے کام ختم کرنے کے بعد کار خانے مالک کی موٹر سائیکل لے کر کسی کام کے سلسلے میں گیا تھا اس کے بعد واپس نہیں آیا۔

مقتول کے بھائی نے پولیس کواپنے بیان میں بتایا کہ عمران کا کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق نہیں تھا پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی،سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت نمبر 10 ڈاکخانہ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 45 سالہ شوکت علی ولد ولی محمد زخمی ہو گیا بعدازاں زخموں کی تاب نہ لا کر عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا ، ایس ایچ او لیاقت آباد رضوان پٹیل نے بتایا کہ مقتول شوکت علی صفورا گوٹھ کا رہائشی اور ایک ڈیری ملک کمپنی میں ریکوری کاکام کرتا تھا، مقتول گلبہار کے علاقے خاموش کالونی میں ایک دکان سے ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم لیکر نکلا تو مین روڈ پر 2 موٹرسائیکل پر سوارملزمان نے اس سے رقم چھینے کی کوشش کی تاہم شوکت نے مزاحمت کی تو ملزمان اسے گولی مارکر رقم چھینے بغیر فرارہوگئے،پولیس کے مطابق گلبہار کے علاقے خاموش کالونی میں لیاری گینگ وار کے کارندوں کا اب بھی نیٹ ورک قائم ہے جو لوٹ مار میں بھی ملوث ہے۔