راجن پور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حلقہ انتخاب میں پانی کی شدید کمی کے باعث تالاب خشک ہوگئے، خشک سالی کے باعث تھر پارکر کے بعد راجن پور میں بھی قحط پڑ گیا۔ راجن پور کے علاقے دھندی اسٹیٹ اور پچھادھ داجل میں پانی کی شدید قلت کے باعث انسان اور جانور تالابوں کا گندا پانی پینے پر مجبور ہیں جس کے باعث لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پانی کی قلت سے متاثر ہونے والے علاقوں میں واٹر سپلائی اسکیمیں تو بنائی گئیں لیکن آج تک ایک بھی اسکیم شروع نہ ہو سکی۔ خشک سالی کے باعث داجل، حاجی پور، فتح پور، درخواست حاجی محمد، پچھادھ اور محمد پورگم والا میں لوگوں نے اپنی زندگیاں بچانے کے لئے نقل مقانی شروع کر دی۔ مذکورہ علاقوں کی ساڑھے 3 لاکھ ایکڑ اراضی اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کے لیے واحد ذریعہ آبپاشی داجل کنال ہے۔
لیکن داجل کینال میں پانی 5 ماہ سے نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں ایکڑ زمین بھی بنجر ہو چکی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ داجل کینال میں پانی چھوڑ دیا جائے تو انہیں پینے کا پانی مل سکتا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس کے باوجود انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں نہیں پہنچ سکی۔