بھارتی فلم نگری سے شہرت پانے والے امیتابھ کو لفظ ”بالی ووڈ“ ناپسند

 Amitabh Bachchan

Amitabh Bachchan

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی فلم نگری کو ”بالی ووڈ“ کہا جاتا ہے یہ اس قدر عام ہو گیا ہے کہ اب اس لفظ کو لغت میں بھی شامل کر لیا گیا ہے لیکن اسی دنیا کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کو یہ لفظ ناپسند ہے۔ بھارتی ویب سائیٹ کو اپنے انٹرویو میں بگ بی کا کہنا تھا کہ لفظ بالی ووڈ دنیا بھر میں مشہور ہے لیکن اس کے باوجود انہیں یہ لفظ پسند نہیں، ان کا خیال ہے کہ اس کے بجائے اس کا کوئی دوسرا نام بھی ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اور اپنے گھر والوں سے متعلق میڈیا میں نشر اور شائع ہونے والی باتوں پر توجہ نہیں دیتے کیونکہ ہم جس شعبے سے وابستہ ہیں اس میں ہمیں عوام کے جڑنا پڑتا ہے اور اسی لئے لوگ ہمارے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

جس کی وجہ سے ایسی خبریں چھپتی ہیں۔ امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ انہیں فلموں میں کام کر کے خوشی ملتی ہے اس لئے ان کی خواہش ہے کہ جب تک ان کا جسم اور طاقت ساتھ دے انہیں اداکاری کا موقع ملتا رہے، ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی فلم میں انہیں کام کی پیشکش ہوتی ہے تو وہ فلم کی کہانی ، اس میں ان کا کردار اور اس کے ہدایتکار اور پروڈیوسر کو بھی دیکھتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ ہدایتکار کو کسی اداکار کے سامنے کوئی پیشکش رکھنے سے پہلے اپنی فلم پر تحقیق ضرور کر لینی چاہئیے۔