عوامی مفاد میں نتائج کی پرواہ کیے بغیر حکومت پر تنقید جاری رکھیں گے۔عبدالعلیم خان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے لیے نتائج کی پرواہ کیے بغیر حکومتی اقدامات اور سرکاری پالیسیوں پر تنقید جاری رکھیں گے عوام کو اندھیرے میں رکھنے والوں اور قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کرنے والوں کو بے نقاب کرنا تحریک انصاف کی سیاست کا اہم حصہ ہے۔

عمران خان اس ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں جن کے خلاف مختلف ادارے ماضی میں بھی افواہیں پھیلاتے رہے ہیں اور اب یہی کام حکومتی سرپرستی میں جاری ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنکچر زدہ مینڈیٹ کا مقصد بے لگام پالیسیاں اختیار کرنا نہیں تحریک انصاف کی تنظیم کو مزید مضبوط بنا کر آئندہ بلدیاتی انتخابات کی بھرپور تیاری کی جائے گی اور عوام کو بہتر متبادل قیادت دینے کے لیے پی ٹی آئی کا ہر ورکر اپنا کردار ادا کرے گا۔

عبدالعلیم خان نے پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے عہدیداران اور ٹاؤن صدور کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لحاظ سے تحریک انصاف دن بدن مضبوط ہورہی ہے اسی لیے دیگر جماعتوں نے مفروضوں پر مبنی کہانیوں کو پی ٹی آئی سے منسوب کردیا ہے انہوں نے پارٹی عہدیداران سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے موثر تجاویز تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اجلاس میں بلدیاتی امیدواران کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی پارٹی اجلاس میں حکومتی سرپرستی میں چلنے والے ادارے کے نام نہاد سروے پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ پارٹی کی پالیسیوں کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں اجلاس میں سینئر عہدیداران جمشید اقبال چیمہ، شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج، میاں افتخار، میاں جاوید علی، سردار کامل عمر، ایم پی اے میاں محمد اسلم اقبال ، طارق ثناء باجوہ، شیخ عامر، فرخ جاوید مون،میا ں سلمان شعیب ، ملک عظمت کھوکھر، فواد رسول بھلر، انیس علی ہاشمی، چوہدری اصغر گجر نیلم اشرف اور ٹاؤن صدور میاں یامین ٹیپو، کرنل ریٹائرڈ شوکت علی ، جمشید بٹ، مہر واجد عظیم، شہزاد سہیل، نے شرکت کی۔