وزیراعلیٰ شہباز شریف کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات

لاہور : وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے آج گورنر ہائوس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل کا حل اور ان کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت میں میٹرو بس پراجیکٹ کی شاندار کامیابی کے بعد راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے جس پر دن رات کام جاری ہے۔ میٹرو بس سروس جیسے عوامی منصوبے کا دائرہ کار دیگر بڑے شہروں تک بھی پھیلایا جارہا ہے۔ حکومت نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایک بڑا منصوبہ بنایا ہے اور آئندہ ساڑھے 4برس کے دوران صوبے کے ہر شہری تک صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے صاف پانی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور صاف پانی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیلئے علیحدہ کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

گورنر چودھری محمد سرور نے صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شروع کئے جانے والے پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے شب و روز ایک کئے ہوئے ہیں۔