کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا لیکن اس کا رخ ہماری ہی جانب موڑ دیا گیا۔ ایم کیو ایم کی جانب کراچی پریس کلب کے سامنے سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں کارکنان کی غیر قانونی گرفتاریوں، انہیں لاپتہ کئے جانے، ماورائے عدالت قتل اورسرکاری حراست میں تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اراکین اور پارلیمنٹرین سمیت ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی سمیت ملک میں قانون پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا جب کہ شہر قائد میں قیام امن کیلئے سب سے پہلے ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا لیکن ٹارگٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کو گرفتار کر کے تشدد کانشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی وزارتیں اور اپنا حق نہیں مانگا بلکہ شہر سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن کا مطالبہ کیا، اگر اس جرم پر ہمارے اہل خانہ کو سربازار پھرایا جائے گا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔