ایم کیو ایم کارکنوں کی عدم بازیابی کی صورت میں ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان: ایم کیو ایم

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے لاپتہ 45 کارکنوں کو فی الفور بازیاب کرا کر ماورائے عدالت قتل میں ملوث سادہ لباس اہلکاروں کو گرفتار اور لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے بصورت دیگر ملک بھر میں دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم کی جانب کراچی پریس کلب کے سامنے سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں کارکنان کی غیر قانونی گرفتاریوں، انہیں لاپتہ کئے جانے، ماورائے عدالت قتل اورسرکاری حراست میں تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی اراکین اور پارلیمنٹرین سمیت ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے 25 کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا جبکہ 45 کے قریب ساتھی لاپتہ ہیں، اگر حکومت اور ریاستی ادارے انصاف کے تقاضے پورے کرنے سے قاصر ہیں تو بتادیا جائے، آج کا مظاہرہ حکومت کیلئے ٹریلر تھا اگر کارکنوں کو بازیاب نہ کرایا گیا تو فلم بھی چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کارکنوں کی ماورائے عدالت قتل میں ملوث سادہ لباس والے کون ہیں اور ان کے سرپرست اعلی کہاں ہیں، اگرصوبائی اور وفاقی حکومت تحفظ نہیں دے سکتی۔

آئین و قانون کی حکمرانی قائم نہیں کرسکتیں تو ایک طرف ہوجائیں اور سادہ لباس والوں سے ہم بھی سادہ لباس میں ہی نمٹ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے گھروں میں آگ لگی ہوئی اگر اسے ٹھنڈا نہ کیا گیا تو پورا ملک اس کی لپیٹ میں آجائے گا۔