سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی بنا کر نکاسی آب کا نظام بہتر اور برسات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی پلان ترتیب دیا جائے۔نشاط ضیاء قادری

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ بلدیاتی ادارے برساتی نالوں اور سیوریج فلو کو درست کرکے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا نے پر توجہ دیں اور دوران برسات عوامی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے رین ایمرجنسی ہنگامی پلان ترتیب دیں تاکہ برسات کے دوران کسی بھی ناگہانی آفات سے نمٹا اور عوام کی جان و مال کو محفوظ بنا یا جاسکے،حکومت سندھ شہر کراچی میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کو درپیش مالی مشکلات کا ازالہ کرے ان خیالات کااظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم کے ہمراہ شاہ فیصل زون کا تفصیلی دورہ کرکے متوقع برسات سے قبل جاری برساتی نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے افسران بھی موجود تھے۔رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے برساتی نالوں کی صفائی کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے بعد برآمد ہونے والے فضلے کو بروقت ٹھکانے لگا یا جائے تاکہ عوام کو اس حوالے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم نے کہا کہ ضلع کورنگی کے تمام زونز میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

انشا اللہ برسات سے قبل تمام برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا کر ضلع کورنگی میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا دیا جائیگا انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایت پر ضلع کورنگی میں رین ایمرجنسی پلان ترتیب دیا گیا اور تمام زونز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دستیاب مشنری کو آن روڈز رکھنے کے ھوالے سے تمام تر اقدامات کریں تاکہ دوران برسات عوام کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا جا سکے۔