بھارتی انتخابات، 17 فیصد امیدواروں کے جرائم میں ملوث ہونیکا انکشاف

India

India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں لوک سبھا کے حالیہ انتخابی عمل میں 17 فیصد امیدوار جرائم پیشہ ہیں جو قتل، اغوا، ڈاکے اور زیادتی کے مبینہ واقعات میں ملوث ہیں حالانکہ عوام میں سیاست کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے کیلیے آگاہی مہم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ امیدواروں کی طرف سے اعلان کردہ ڈیٹا کے مطابق جرائم پیشہ امیدواروں کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی سرفہرست ہے اسکے 202 امیدواروں میں سے 34 فیصد امیدواروں کیخلاف فوجداری مقدمات ہیں جبکہ کانگریس کے 193 امیدواروں میں سے 23 فیصد کیخلاف اسی نوعیت کے الزامات و مقدمات ہیں۔

ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک الائنس ایڈووکیسی گروپ کے مطابق عام آدمی پارٹی کے 200 امیدواروں میں سے 16 فیصد اور بی ایس پی کے 207 امیدواروں میں سے 18 فیصد کا قانون کے ساتھ ٹکرائو ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی کے مجرمانہ ذہنیت کے امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ سال بھارتی سپریم کورٹ نے سزا یافتہ افراد کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔