کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے مابین پہلی مشترکہ بحری مشقیں نسل البحر 20 سے 26 اپریل تک بحیرہ عرب میں منعقد کی جارہی ہیں۔ یہ اس سلسلے کی پہلی مشقیں ہیں جو دونوں ممالک درمیان باہمی تعاون کا حصہ ہیں۔ ان مشقوں میں شمولیت کیلیے متحدہ عرب امارات کے بحری جہازوں کی کراچی کی بندرگاہ آمدکا سلسلہ اتوار سے شروع ہو گیا ہے جن میں ابوظبی کلاس اور بینونہ کلاس کے جہازوں کے ساتھ ساتھ میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ اوراسپیشل آپریٹنگ فورسزبھی ان مشقوںمیں حصہ لے رہی ہیں۔
جبکہ پاک بحریہ کی جانب سے بحری جہازپی این ایس خیبر، پی این ایس بابر، پی این ایس قوت، پی این ایس عظمت اورایک ہیلی کاپٹران مشقوں کا حصہ ہیں۔ پاک بحریہ کی کاوشوں سے منعقد ہونے والی یہ مشقیں اس عزم کی غمازی کرتی ہیں کہ پاکستان نہ صرف اس خطے میں بلکہ عالمی سطح پربھی امن کے قیام کا خواہاں ہے اوران مشقوں کے انعقاداور ان میں شمولیت سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔