بنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس کی تربیت حاصل کر کے اس پر عمل کرنا ہر شہری پر فرض ہے۔چوہدری ہمایوں

بوچھال کلاں: بنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس کی تربیت حاصل کرکے اس پر عمل کرنا ہر شہری پر فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری ہمایوں اسلم صدرVTI ڈسٹرکٹ مینجمنٹ کمیٹی ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ چکوال میں سول ڈیفنس کاشاندار عملی مظاہرہ دیکھنے کے بعد شرکاء سے کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی تربیت ہر شعبہ ہائے زندگی کے لئے فائدہ مند ہے کیونکہ کسی بھی شخص کیساتھ حادثہ یا آگ لگنے کی صورتحال پیش آسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد عوام الناس اور نوجوانوں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے دفاع کے ساتھ ساتھ دوسروں کی مدد بھی کرسکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر اکرام الحق پروگرام ڈائریکٹر PRSP نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صرف شہری دفاع کا محکمہ ہر شخص کا دفاع نہیں کرسکتا بلکہ ہر شخص کو شہری دفاع کی تربیت حاصل کرکے اپنا دفاع خود کرنا چاہیے تاکہ کسی بڑی ناگہانی آفت کے ساتھ ساتھ عام حالات کے دوران میں حادثات سے اچھی طرح نبرد آزما ہوکر اُن کا مقابلہ کیا جاسکے۔ اس موقع پر پرنسپل VTIچکوال عبیدالرحمن نے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسرکوآرڈینیشن چکوال محمد شہباز نقوی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی کاوشوں سے سول ڈیفنس کی تربیت کے شاندار عملی مظاہرے کا انعقاد ہوسکا۔ آخر میں سول ڈیفنس کاتربیت مکمل کرنے والے کلینیکل اسسٹنٹ کلاس کے طلباء و طالبات کو اسناد تقسیم کی گئیں اورکلاس انچارج کرم علی اور پرنسپل عبیدالرحمن کو سول ڈیفنس کی طرف سے تعریفی اسناد اور ٹرافی بطور انعام دی گئیں۔تمام شرکاء نے سول ڈیفنس کے شاندار عملی مظاہرے کو بھرپور سراہا۔