بلوچستان، لیگی رہنما کے گھر پر بم حملہ، فائرنگ، 6 افراد جاں بحق

Balochistan

Balochistan

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ اور اندرون صوبہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ اور چمن میں 2 بم دھماکوں، خضدار میں (ن) لیگ کے ضلعی صدر کے گھر اور حب میں دستی بم حملوں سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

بارودی سرنگ دھماکے میں موٹر سائیکل تباہ ہوگئی، تعمیراتی کمپنی پر فائر کیا گیا راکٹ پھٹنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا، اسکول کے ہیڈ ماسٹر سمیت 2 افراد کو اغوا کرلیا گیا، ٹریفک حادثات نے 2 افراد کی جان لے لی ، پولیس کے مطابق پیر کوکوئٹہ کے علاقے منیر احمد مینگل روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔

جس سے 3 افراد میرا جان،خوشحال خان اور تاج محمد جاں بحق اور ایک راہ گیر ممتاز زخمی ہوگیا۔ آئی این این کے مطابق واقعے کے خلاف پشتون یوتھ فورس نے چاندنی چوک سریاب روڈ پر احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کردی، لہڑی کے علاقے سالار میں مسماۃ (ص) اور محمد شریف کو ورثا نے سیاہ کاری کے شبے میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

خضدار کے علاقے نال میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عبدالخالق جاں بحق ہوگیا۔ چمن مال روڈ پر ایکسچینج کے سامنے موٹر سائیکل میں نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

جس سے موٹر سائیکل کے پرخچے اڑگئے، ایک خاتون اور ایک معمر شخص کو معمولی خراشیں آئیں، خضدار میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر شکیل درانی کے گھر پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک دیا جس کے پھٹنے سے مکان کے شیشے ٹوٹ گئے سیکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔