اسلام آ باد (جیوڈیسک) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے اپنی سیاسی زندگی کے حوالے سے کتاب لکھنے کافیصلہ کیاہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق نواب اسلم رئیسانی کتاب میں سانحہ خروٹ آباد، ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ اورریکوڈک کیس سمیت سابق دورحکومت میں رونما ہونے والے واقعات سے متعلق اہم انکشافات کریں گے۔
نواب اسلم رئیسانی کو جوآج کل سیاست سے کنارہ کش ہیں، ان کے دوستوں نے کتاب لکھنے کامشورہ دیا۔ اپنی کتاب میں سابق وزیر اعلیٰ پیپلزپارٹی میں شمولیت اور بعدازاں پیپلزپارٹی کی قیادت سے ہونے والے اختلافات سے متعلق بھی اہم رازوں سے پردہ اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے سابق دورحکومت میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے منصب پرفائز رہنے والے اسلم رئیسانی نے 11 مئی کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست سے بہترہے کہ آدمی نسوار بیچنا شروع کردے۔