کراچی (جیوڈیسک) معروف فنکار معین اختر کو ہم سے بچھڑے تین سال بیت گئے، مگر ان کی یاد آج بھی چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیتی ہے۔ اسٹیج کی دنیا پر راج کرنے والے معین اختر، ٹی وی کی آمد کے ساتھ ہی لوگوں کے ڈرائنگ رومز اور پھر دلوں میں گھر کرگئے۔شہرت کی بلندیوں پر کامیابی سے قدم جمائے رکھنے والے معین اختر کی اداکاری ہر روپ میں حقیقیت سے قریب رہی، معین اختر ہر کرادار کا روپ دھارنے اور اسے نبھانے میں کوئی اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔
ان کے ایسے کئی کردار ہیں جنہیں ناظرین کبھی بھلا نہیں سکتے، مس روزی کا مقبول کردار دیکھنے والوں کو آج بھی ان کے کمال فن کا احساس دلاتا ہے۔ معین نے پرستاروں کو اداکاری کے ساتھ ساتھ میزبانی اور گلوکاری کا روپ بھی دکھایا۔ ہمہ جہت صلاحیتوں کے حامل اس فنکار کا عہد 2011 میں ختم ہوا لیکن ان کا فن ہمیشہ زندہ رہے گا۔