طالبان مذاکرات کی بحالی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے،ملک کی ترقی اورخوشحالی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ اورامن کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔

عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پراحتجاج آئینی اور جمہوری حق ہے،ملک میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو ہرصورت کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔

منگل کو اپنے ایک انٹرویو کے دوران تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ مذاکرات کے عمل کو جلد از جلد شروع کرکے اسے نتیجہ خیز بنایا جائے کیونکہ جنگ سے دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا پہلے کبھی ممکن رہا ہے اور نہ ہی آئندہ ہو سکتا ہے۔

انھوں نے کہاکہ عام انتخابات میں کس طرح تحریک انصاف کے ووٹ بینک پر ڈاکہ ڈالا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔ ہم کسی بھی صورت عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پرخاموش نہیں رہیںگے اور بہت جلد دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک سمیت تمام آپشنز کو استعمال کیا جائیگا۔