کراچی میں بینک ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان گرفتار، لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ایس آئی یو پولیس نے لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا ہوا سامان اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے لانڈھی میں کارروائی کرکے 15 اپریل کو کورنگی ڈیڑھ نمبر پر نجی بینک میں ڈکیتی میں ملوث 4 ملزمان جن میں ڈکیتی کے سرغنہ ساجد علی عرف بڑا سمیت عمران، اعجاز اور عمران عرف مناکو حراست میں لے کر اسلحہ، لوٹی ہوئی رقم اور 2 چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج سے شناخت کے بعد مخبرخاص کی مدد سے چھاپہ مارنے کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے 4 ٹی ٹی پستول، 2 چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں جب کہ بینک سے لوٹی ہوئی رقم میں سے صرف 84 ہزار روپے برآمد ہوئے ہیں۔