گوجرانوالہ (جیوڈیسک) شراب کے نشے میں دھت ہو کر لڑکیوں کو چھیڑنے اور ہوائی فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کا شہریوں نے مار مار کر بھرکس نکال دیا۔ گوجرانوالہ کی عمران کالونی میں کچا فتومند روڈ پر احمد حسن نامی پولیس اہلکار شراب کے نشے میں دھت ہوکر کالج کی لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کررہا تھا کہ اس دوران شہریوں کی جانب سے منع کرنے پر اس نے ہوائی فائرنگ کے ساتھ سنگین نتائج کی دھکیاں دی جس پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اورپھر کیا تھا انہوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اورشرابی اہلکار کی ایسی درگت بنائی کہ اس کا نشہ ہی اتار ڈالا۔
شہریوں کی جانب سے درگت بنائے جانے کے بعد تھانہ سول لائن پولیس نے موقع پر پہنچ کر اہلکار کو حراست میں لے کر ٹی ٹی پستول بھی اس کے قبضے سے برآمد کرلی، دوسری جانب گرفتار پولیس اہلکا ر کا کہنا تھا وہ ڈی آئی جی گوجرانوالہ کے دفتر میں تعنیات ہے اور یہاں کام سے آیا تھا کہ شہریوں نے بلاجواز تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔