اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے بجلی اور گیس کے نادہندہ صارفین سے ہنگامی بنیادوں پر واجبات کی وصولی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں بجلی و گیس چوری اور لوڈ شیڈنگ سے متعلق امور پر غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزیر بجلی وپانی خواجہ آصف سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور وزرا نے شرکت کی، اجلاس کے دوران وزارت بجلی و پانی کی جانب سے وزیر اعظم کو آئندہ 4 ماہ کے لئے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول پیش کیا گیا۔ اس موقع پروزیر اعظم نے ہدایت کی کہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ہر ممکن حد تک کم سے کم ہونا چاہئے تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری ناقابل برداشت ہے اوراس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی و گیس کے نادہندہ صارفین سے ہنگامی بنیادوں پر واجبات کی وصولی شروع کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کی جائے اس کے علاوہ کارکردگی نہ دکھانے والی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔