لاہور میں منعقد ہونے والے سائوتھ ایشیاء پارٹنرشپ پاکستان کااجلاس
Posted on April 23, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
لاہور: لاہور میں منعقد ہونے والے سائوتھ ایشیاء پارٹنرشپ۔ پاکستان کے اجلاس میں ،سیپ۔ پاکستان کے قومی ،علاقائی اور ضلعی دفاتر اور ان میں شامل تمام عملے کی جانب سے سینئر صحافی اور اینکر پرسن محترم حامد میر پرقاتلانہ حملے کی پر زور مذمت کی گئی ہے۔ایک بیان میں کہا گیا ہے یہ بزدلانہ حملہ نہ صرف ایک صحافی بلکہ آزادیء صحا فت اور جمہوریت پر حملے اور سچ کی آواز دبانے کے مترادف ہے۔
ہم بحیثیت سیپ ۔پاکستان اس مجرمانہ حملے کے خلا ف پرزور مذمت اور احتجا ج کرتے ہیں اور ریاست اور حکومتی ارباب اختیار سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صحافیوں پر دن بہ دن بڑھتے ہو ئے قاتلانہ حملوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیں او ران کی حفاظت کے پیش نظر کوئی فعال اور مضبوط نظام تشکیل دیا جائے کیونکہ صحافیوں کی سیکیورٹی کے لئے کسی قسم کا نظا م نہ ہونے کے باعث اب تک کئی صحافی اپنی پیشہ ورنہ خدمات انجام دیتے ہوئے شہید کردئیے گئے ہیں اور پاکستان دنیا بھر میں ایسے ملکوں کے سرفہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
جہاں صحافیوں کی زندگیوں کو سب سے زیادہ خطرات درپیش ہیں اور وہ دہشت گردی کا شکارہورہے ہیں ۔ہم پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطروں پر شدید طور پر اپنے غم و غصے اور تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور اس ضمن میں حامد میر اور ان جیسے جرات مند اور دلیر صحافیوں کے اہل خانہ، صحافتی تنظیموں پاکستان فیڈرل یو نین آف جرنلسٹس ،پنجاب یونین آف جرنلسٹس اور سیپ پاکستان کے آواز اور جوابدہی پروگرام کے تحت قائم ہونے والے آواز جرنلسٹس نیٹ ورک کے ساتھ دلی طور پر اظہار یک جہتی کرتے ہیں ۔ ہم میڈیا ہائوسز کے مالکان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صحافیوں پر ہونے وا لے حملوں کا سختی سے نوٹس لیں اور ان کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے موثر اور عملی اقدامات کریں ۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حامد میرپر ہونے والے حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لئے تحقیقاتی کمشن یا کمیٹی قائم کرے اور اس میں سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com