اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کی بلڈنگ کی واپسی کے لیے صحافیوں کا دھرنا

اٹک : اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کی بلڈنگ کی واپسی کے لیے صحافیوں کا دھرنا ،روڈ بلاک پولیس کی بھاری نفری پریس کلب کی بلڈنگ کے اطراف میں پہنچ گئی 8گھنٹے کے طویل احتجاج اور دھرنا کے بعد رات گئے ضلعی انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا اور احتجاج ختم ، صحافیوں کے مرکزی راہنماؤں وفاقی و صوبائی وزراء ممبران اسمبلی سابق ضلع و تحصیل ناظمین سابق امیدوران قومی و صوبائی اسمبلی اور سول سوسائٹی کے اراکین کا صحافیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی تفصیلات کے مطابق اٹک پریس کلب رجسٹرڈ کی بلڈنگ واپسی پر ضلعی انتظامیہ سے ہونے والے مذاکرات طول پکڑنے پر اٹک کے صحافیوں نے اٹک پریس کلب کی بلڈنگ کے سامنے احتجاجی دھر نا شروع کر دیا اور انتظامیہ کو باور کرایا کہ بلڈنگ واپسی تک صحافی اپنا احتجاج جاری رکھیںگے۔

دھرنا کے دوران صحافیوں کے مرکزی راہنماؤں صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد شہریار خان، سابق صدورفاروق فیصل خان، معروف اینکر مشتاق منہاس،چوہدری طارق محمود ، حاجی نواز رضا، صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس افضل بٹ ،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد ،صوبائی وزیر کرنل شجاع خانزادہ ،سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق ، سابق مرکزی و صوبائی وزراء ملک امین اسلم ، ملک حاکمین خان، سردار سکندر حیات خان ،رکن صوبائی اسمبلی شاہ ویز خان، سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان حاکمین خان ، سابق تحصیل ناظم قاضی خالد محمود، امیر جماعت اسلامی ضلع اٹک اقبال خان، سابق امیدوران قومی و صوبائی اسمبلی قاضی احمد اکبر ،محمد اقبال ملک ، صدر انجمن تاجران راشد الرحمن خان اوردیگر نے صحافیوں کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی بلڈنگ ایک آئینی ادارہ ہے اور انتظامیہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے
صحافیوں کو پریس کلب کی بلڈنگ واپس کرے دریںاثناء ملک بھر سے صحافی برادر ی اور ضلع اٹک کی سیاسی و سماجی شخصیات نے فون کر کے حاجی محمد فیضیاب خان ، ندیم رضا خان اور شہزاد انجم بٹ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی دھرنا کے دوران مسلم لیگ ن کے راہنما ملک حمید اکبر ،سابق ناظم ملک عبد الرزاق بھی اظہار یکجہتی کے لیے آئے اورکئی گھنٹے تک دھرنا میں موجود رہے صحافیوں کے 8گھنٹے طویل دھرنے کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹس اعلیٰ حکام تک پہنچنے کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی۔

ضلعی انتظامیہ کے نمائندہ ، اسسٹنٹ کمشنر سید نذارت علی نے رات گئے دھرنا میں آکرصحافیوں سے ڈی ایس پی حفیظ احمد اولکھ اور ایس ایچ او ماڈل پولیس اسٹیشن اٹک سٹی انسپکٹرحاجی محمدخان کی موجودگی میں کامیاب مذاکرات کر کے انہیں دھرنا اور احتجاج ختم کرنے پر آمادہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور صحافیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیںگے انہوں نے کہا کہ وہ ڈی سی او اور دیگر افسران کو قائل کر کے آئندہ چند روز میں صحافیوں کے تمام مسائل حل کرانے کی کو شش کریںگے اس پر صحافیوں کی دو رکنی مذاکراتی ٹیم میں شامل حاجی محمد فیض یاب خان نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔