تھانہ ہنجروال کے علاقہ گلزار منصورہ ملتان روڈ لاہور سے نامعلوم ملزمان نے طالب علم کو اغوا کر لیا

لاہور(سید امجد حسین بخاری) تھانہ ہنجروال کے علاقہ گلزار منصورہ ملتان روڈ لاہور سے نامعلوم ملزمان نے پرائیویٹ یونیورسٹی کے طالب علم اور اسلامی جمعیت طلبا لاہور کے مقامی عہدہ دار کنور محمد دانش کو اغوا کر لیا اور نامعلوم مقام پر لے گئے ، تھانہ ہنجروال پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مغوی طالب علم کنور محمد دانش کے بھائی عبدالباسط نے تھانہ ہنجروال میں درخواست دی ہے کہ ان کا چھوٹا بھائی کنور محمد دانش ہفتہ 22 اپریل کو دن 2 بجے کے قریب گھر سے باہر گیا اور جب وہ رات گئے تک واپس نہ آیاتو گھر والوں نے اس کی تلاش کیلئے اس کے دوستوں اور محلہ داروں سے رابطہ کیا ،محلہ داروں نے بتایا کہ چند دن قبل کچھ نامعلوم لوگ تمھارے بھائی کے بارے میں ارد گرد سے پوچھ رہے تھے ،گھر والوں کو شک ہے کہ محمد دانش کو کسی نے اغواء کر لیا ہے۔

درخواست میں پولیس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر ملزمان کا سراغ لگا کر کنور محمد دانش کوبازیاب کروایاجائے۔دریں اثنا ء سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے محمد دانش کے اغواء پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت ،انتظامہ اور لاہور پولیس سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جب کہ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ انتظامیہ فوری طور پر دانش کی بازیابی کے لئے اقدامات کرے وگرنہ اسلامی جمعیت طلبہ ملک بھر میں احتجاج کرے گی۔