جھنگ کی خبریں 23/4/2014
Posted on April 24, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے
جھنگ(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے جو کہ سول سوسائٹی کے ممبران کے تعاون اورزیادہ سے زیادہ سرکاری وسائل کے استعمال سے نشہ کے عادی افراد کے علاج معالجہ اور انکی بحالی کے علاوہ نوجوانوںکو نشہ جیسی لعنت سے دور رکھنے کیلئے انہیں کھیل اور دیگر سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے ضمن میں اقدامات کریگی ۔یہ بات انہوںنے ڈسٹرکٹ نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کے پہلے باضابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل ٹارکوٹکس کنٹرول پالیسی کی روشنی میں حکومت پنجاب نے ضلعی سطح پر نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ضلع کا ڈی سی او چیئرمین اور ڈی پی او ،ای ڈی او ہیلتھ،ای ڈی او ایجوکیشن ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز،ڈی او سوشل ویلفیئر ،ڈی او انفارمیشن،ڈی او سپورٹس ،سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل،انسداد منشیات کے حوالہ سے کام کرنے والی این جی اوز کے نمائندگان بطور ممبرجبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کمیٹی کے سیکرٹری کے طور پر کام کرینگے۔ڈی سی او راجہ خرم شہزاد نے کہا کہ تعلیم ،ہیلتھ،سپورٹس اور سوشل ویلفیئر کے محکموں کے مابین کوآرڈی نیشن سے منشیات کے عادی افراد کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ تعلیمی اداروں ،ورکشاپ اور سوسائٹی کے دیگر شعبہ جات کے حوالہ سے انسداد منشیات کے تحت ٹارگٹ متعین کرکے اس ضمن میں ہر پندرہ روز کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ڈی سی او نے کہا کہ کمیٹی کے زیر نگرانی نشہ کے عادی افراد کو پبلک اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی جبکہ نوجوانوں میں صحت سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔انہوںنے کہا کہ منشیات جیسی لعنت سے اپنی نسل کو بچانے کیلئے معاشرہ کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا لہٰذا منشیات فروشوں کے قلع قمع کیلئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کی اشد ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ نشہ کے عادی افراد کی بجائے نشہ فراہم اور فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے ۔ انہوںنے پولیس حکام پر زور دیا کہ وہ قبرستان ،پارکوں اور دیگر پبلک مقامات پرمنشیات کے عادی افرا د کی نگرانی کرکے منشیات فروشوں کو قانون کی گرفت میں لائیں تاکہ مثبت نتائج برآمد ہوسکیں۔ ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کو ہدایات دیں کہ وہ بوائز اور گرلز ہاسٹلوں میں غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت کا نوٹس لیں اور رہائش پذیر طلباء و طالبات کی منشیات کے استعما ل کے حوالہ سے کڑی نگرانی کریں اور اس ضمن میں پراگرس رپوٹ کمیٹی کے اجلاس میں باقاعدگی سے پیش کریں۔انہوںنے ای ڈی او ہیلتھ کو حکم دیا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجہ کے شعبہ جات کو عملی طورپر فعال بنائیں ۔ڈی سی او نے مزید کہا کہ اس کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہوگا اور وہ اس قومی مفا دکے کام میں ضلع کے اسسٹنٹ کمشنروں ،ٹی ایم اے اور دیگر سرکاری مشینری کو حرکت میں لائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک کو آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا لہٰذااپنے پیارے وطن کی حفاظت
جھنگ(نمائندہ خصوصی)ملک کو آلودگی سے پاک رکھنے کیلئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا لہٰذااپنے پیارے وطن کی حفاظت اور اسکے ماحول کو خوشگواربنانے کیلئے بھرپور آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔یہی وجہ ہے کہ 1969ء سے لیکر آج تک عالمی سطح پر ارتھ ڈے منایاجا رہا ہے ۔یہ بات ریسکیو 1122کے ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ڈاکٹر طارق سعید نے محکمہ ماحولیات کے اشتراک سے ارتھ ڈے کے حوالہ سے جناح ہال ضلع کونسل جھنگ سے ایوب چوک تک نکالی گئی واک کے اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔واک کے دوران ریسکیو1122 سے مس اصغری پروین ،عملہ اور محکمہ ماحولیات کے اہلکاران کے علاوہ سید قمر عباس زید ی اور دیگر این جی اوز کے عہدیداران ،تعلیمی اداروں کے اساتذہ ، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کے خشک خطہ کو تباہی سے بچانے کیلئے اپنے اندر شعور پیداکرنے کی ضرورت ہے جسکے لئے این جی اوزاور معاشرہ کے دیگر طبقات کواپنامثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈی او ریسکیو1122نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے گھروں کی طرح گلی محلوں اور شہروں کو صاف ستھرا رکھنا چاہیے کیونکہ کوڑا کرکٹ ہی ماحول میں آلودگی کا سبب بنتا ہے۔ا نہوں نے شرکاء واک پر زور دیا کہ ہمیں اپنی زمین کو محفوظ بنانے کیلئے لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پربتایا گیا کہ ڈی سی او راجہ خرم شہزادعمر کی قیادت میں گوجرہ روڈریلوے کراسنگ پر گرین اور فلاور بیلٹ کی تعمیر سے نہ صرف خوبصورتی پیدا ہوئی ہے بلکہ ماحول بھی خوشگوار ہوا ہے ۔اسی طرح 25کروڑ روپے کی کثیر رقم کے استعمال سے شہر کی سٹرکوں کو کارپٹ کیا جا رہا ہے جس سے گرد و غبار کا خاتمہ ہو جائیگا۔اس دوران این جی او کے نمائندوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اوریہاں کی آب وہوا انسانی صحت کیلئے مفید ہے جسے برقرار رکھنے کیلئے ہمیں ہر قسم کی آلودگی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا جس کیلئے تعلیمی اداروں میں بچوں کو لیکچر دینے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم سالانہ اربوں روپے کے شاپنگ بیگ استعمال کرکے سڑکوں گلیوں میں پھینک دیتے ہیں جو ماحول میں آلودگی کا سبب بن رہے ہیں۔لہٰذا ہمیں اپنی زمین کو آلودگی سے بچانے کیلئے صاف ستھرا ماحول پیدا کرنا ہوگااگر یہ زمین بچے گی تو ہم بہتر زندگی گزار سکیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جمعیت علمائے برطانیہ کے رہنما علامہ امداد الحسن نعمانی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ۖ کی زندگی ہمارے لئے اصلی نمونہ ہے
جھنگ(نمائندہ خصوصی )جمعیت علمائے برطانیہ کے رہنما علامہ امداد الحسن نعمانی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ۖ کی زندگی ہمارے لئے اصلی نمونہ ہے۔ جب سے ہم نے آنحضرت کی سیرت کو پس پشت ڈالا ہے اس دن سے ہم مسائل میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے گذشتہ روز چشتی ماڈل فارم موڑ ملہوآنہ پر منعقدہ سیرت ساقی کوثر کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ مسلمانوں کیلئے بہترین ضابطہ حیات حضور ۖ کی زندگی ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالکریم ندیم ، علامہ شبیر احمد عثمانی اور مولانا آصف معاویہ نے بھی خطاب کیا۔ مولانا آصف معاویہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سیدنا صدیق اکبر کے یوم وفات 22 جمادی الثانی کو سرکاری سطح پر چھٹی کر کے منایا جائے۔ جلسہ کی میزبانی معروف ثناخوان حافظ طاہر بلال چشتی نے کی۔ علماء نے کہا کہ حضرت صدیق اکبر کی ساری زندگی حضور ۖ کی زندگی کا عکس تھی،پاکستان میں یومِ صدیق اکبر کا سرکاری و نجی سطح پہ خاموشی سے گزر جانا قابلَ افسوس ہے،انہوں نے کہا کہ ایک مسلم ریاست ہونے کے ناطے ہمیں ایامِ خلافت راشدہ کو سرکاری سطح پہ منانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اہلسنت والجماعت تحصیل جھنگ کے صدر مہر رضا کندرانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے
جھنگ(نمائندہ خصوصی )اہلسنت والجماعت تحصیل جھنگ کے صدر مہر رضا کندرانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم ہمیشہ آئین کی بالا دستی کیلئے قانون کا سہارا لیا ہے۔ گذشتہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی جس کے خلاف ہم کورٹ میں گئے عدالت نے ہمیں انصاف دیا۔ انشاء اللہ سپریم کورٹ سے بھی انصاف کیلئے پر امید ہیں۔ اس موقع پر تحصیل کے سینئر رہنما مولانا عثمان طارق، مولانا عزیز اللہ جھنگوی، حافظ تاج، مہر اسحاق حسوآنہ بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ختم نبوت کانفرنس جھنگ کی تاریخ ساز کانفرنس ثابت ہو گی،دعوتی دورے زور وشور سے جاری ہیں
جھنگ(نمائندہ خصوصی)ختم نبوت کانفرنس جھنگ کی تاریخ ساز کانفرنس ثابت ہو گی،دعوتی دورے زور وشور سے جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ف کے راہنماء مولانا سید مصدوق حسین شاہ نے نمائندہ اسلام سے ملاقات میں کیا ۔انہوں نے بتایا کہ یہ کانفرنس اندرون غلہ منڈی ٹوبہ روڈ جھنگ میں 6 مئی کو منعقد ہو گی۔جسمیں قائد جمعیت ،مولانا فضل الرحمان،صدر اہلسنت والجماعت پاکستان و ایم این اے جھنگ،مولانا احمد لدھیانوی،جماعت اسلامی کے راہنماء لیاقت بلوچ اور جمعیت اہلحدیث کے مولانا عطاء اللہ شاہ بخاری کا خطاب ہو گا۔دعوتی دوروں میں اہلسنت والجماعت جھنگ کے راہنماء مولانا عبدالغفور جھنگوی،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت جھنگ کے امیر مولانا غلام حسین،مولانا غلام سرور شریک ہیں جو احمد پور سیال،ماچھیوال،منڈی شاہ جیونہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،اور شورکوٹ سمیت جھنگ بھر کی تحصیلوں اور دیہاتوں کا دورہ کرکے دعوتی سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔علماء نے بتایا کہ یہ کانفرنس اتحادِ امت کا مظہر ہوگی۔