کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیاد پر مربوط پلان تشکیل دیا جائے۔
اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،یہ بات انھوں نے بدھ کو بلاول ہاؤس میں سیلاب سے بچاؤ اور تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے حوالے سے تمام اداروں میں رابطوں کے نظام کو مربوط بنایا جائے ، منتخب نمائندوں پر مشتمل نگراں کمیٹیوں کی تشکیل کے علاوہ فلڈ مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا جائے۔
انھوں نے نہروں میں شگاف ڈالنے کی روک تھام سے متعلق سخت قوانین بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے نہروں میں شگاف ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی ،اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مون سون سیزن میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 40 فیصد کم بارشوں کا امکان ہے۔