پشاور (جیوڈیسک) خیبرایجنسی میں دہشت گردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 23 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ کارروائی میں شدت پسندوں کے 9 ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے خیبرایجنسی کی تحصیل باڑا اور وادی تیراہ میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جیٹ طیاروں سے نشانہ بنایا گیا، کارروائی میں 20 سے زائد دہشت گرد مارے گئے اورمتعدد زخمی ہوئے ،جبکہ 9 ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد اسلام آباد سبزی منڈی دھماکے، پشاور اور چارسدہ میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ان واقعات میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد جاں بحق اور 100 سے زیاہ زخمی ہوگئے تھے۔