5 ہزار پھولوں کی پتیوں کو قدرتی طریقے سے حنوط کرکے اللہ کے نام کا انتہائی نادر ، نایاب ، دلکش و دیدہ زیب فن پارہ تیار
Posted on April 24, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
گوجرہ /فیصل آباد :عالمی شہرت یافتہ مصور چوہدری عبداللطیف سہو نے 6 ماہ کی شبانہ روز کاوش سے 5 ہزار پھولوں کی پتیوں کو قدرتی طریقے سے حنوط کرکے اللہ کے نام کا انتہائی نادر ، نایاب ، دلکش و دیدہ زیب فن پارہ تیار کیاہے جو اب تک تخلیق کئے گئے قرآنی خطاطی کے خوبصورت نمونوں میں اپنی مثال آپ ہے نیز مذکورہ فن پارے کی تیاری کیلئے آرٹسٹ نے اپنے گھر کے گملوں میں سٹیٹس کے خوبصورت پھولوں کے درجنوں پودے لگائے اور ان کی انتہائی محنت و احتیاط سے آبیاری کی ،جب ان پودوں پر ہلکے گلابی ، ہلکے نیلگوں اور زرد رنگ کے پھول نکلنے لگے تو اس نایاب فن پارے کی تیاری کا آغاز کردیاگیا جو اب پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔
نامور آرٹسٹ و مصور لطیف سہو نے میڈیا کو بتایاکہ انہوںنے فن پارے میں استعمال کئے گئے پھولوں اور ان کی پتیوں کو کسی کیمیکل کی مدد کے بغیر قدرتی طریقے سے حنوط کیاہے تاکہ ان کے اصل رنگ محفوظ رہ سکیں۔ انہوںنے کہاکہ اگرچہ اکثر پھول شاخوں سے ٹوٹنے اور خشک ہونے کے بعد اپنی رنگت کھو بیٹھتے ہیں لیکن یہ اللہ تعالیٰ کاایک بہت بڑا کرشمہ و معجزہ ہے کہ فن پارے کی تیاری میں 6ماہ کا عرصہ صرف ہونے کے باوجود پھولوں کی رنگت تبدیل نہیں ہوئی ۔ انہوںنے بتایاکہ پھولوں کی انتہائی نازک پتیوں کو خصوصی اوزاروں کے ذریعے فریم پر منتقل کیاگیاہے جو قوس قزاح کے رنگ بکھیر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ لفظ اقراء کے چار حروف مخفف ہیں کہ الف سے اللہ،ق سے ْقرآن،ر سے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ،پھر الف سے انسان یعنی اللہ نے قرآن اتارا رسول پاکۖ کے ذریعے انسا نوں کی بھلائی کیلئے۔انہوںنے بتایاکہ اللہ کے نام کی آئوٹ لائن انہوں نے زرد رنگ سے بنائی ہے کیونکہ جب صبح کے وقت سورج طلوع ہوتا ہے تو اسکی شعائیںزرد رنگ بکھیرتے ہوئے دنیا کو روشن کرتی ،اللہ تعالی کی یاد دلاتی اور یہ پیغام دیتی ہیں کہ ” کو ئی تو ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے”۔ انہوںنے بتایاکہ اس آئوٹ لا ئن کو اندرسے ہلکے نیلے رنگ کے پھولوں کی پتیوں سے سجایا گیا ہے جو آسمان کے رنگ کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہیںیعنی اللہ کے بنائے ہوئے آسماں نے تمام دنیا کو اپنی رحمت میں لیا ہو اہے۔انہوںنے کہاکہ مذکورہ فن پارہ تیار کرنے کے بعد ان کی دیرینہ حسرت پوری ہو گئی ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ فن پارہ جذ بوں کا رنگ اور احساسات کا عنصرہے جبکہ ایسی عقیدت کا اظہار ہمارے عمل سے ہو تا ہے۔
چوہدری عبداللطیف سہو
موبائل نمبر: 0300-6557245
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com