پنجاب کی جیلوں میں منشیات کا دھندہ عروج پر، عملہ ملوث

Punjab

Punjab

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کی جیلوں میں منشیات کا دھندہ عروج پر ہے، جیل ملازمین کی ملی بھگت سے قیدیوں کے سامان کے ذریعے منشیات پہنچائی جاتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں مختلف طریقوں سے منشیات کا دھند جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق قیدیوں کے سامان ،پالش اور جوتوں کے تلووں وغیرہ میں منشیات چھپا کر جیل ملازمین کی ملی بھگت سے اندر پہنچائی جاتی ہیں۔ سنٹرل جیل ساہیوال ، سنٹرل جیل ملتان، سنٹرل جیل فیصل آباد، سنٹرل جیل بہاول پور، ڈسٹرکٹ جیل بہاول نگر اور کیمپ جیل لاہور میں منشیات فروشی عروج پر ہے۔

جیل میں قیدیوں کو سگریٹ پینے کی اجازت ہے جس کا فائدہ اٹھا کر جب اہلخانہ جیل کے اندر ان کو سگریٹ بھیجتے ہیں تو اس میں منشیات کے سگریٹ بھی بھیج دیتے ہیں جو ڈیوٹی اہلکاروں کی ملی بھگت سے قیدیوں تک پہنچ جاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جب قیدی عدالت پیشی پر جاتے ہیں تو وہاں سے بھی اپنے ساتھ منشیات چھپا کر جیل کے اندر لے آتے ہیں۔ اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے کہا کہ کیمپ جیل اور کوٹ لکھپت جیل کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں اور ادارہ بحالی بھی بنا دیا گیا ہے جبکہ پنجاب بھر کی جیلوں میں سکینرز لگائے جا رہے ہیں تاکہ ان کو پکڑا جا سکے۔