کراچی (جیوڈیسک ) کراچی کی فلور ملز 3 روز سے بند ہیں اور ہول سیل مارکیٹ میں آٹے کا ایک دن کا ذخیرہ رہ گیا ہے۔ دوسری جانب وزیر خوارک جام مہتاب کا دعویٰ ہے کہ شہر کی تمام ملیں بند نہیں ہیں اور کسی صورت عوام کو آٹے کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیر خوارک سندھ جام مہتاب نے بتایا کہ کراچی کی 85 میں سے 30 ملوں میں آٹے کی تیاری جاری ہے جو ملز مالکان ہڑتال پر ہیں ان کا مقصد آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن نے سندھ زون کے چیئرمین محمد یوسف کا کہنا ہے شہر کی فلور ملز 3 روز سے بند ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹوں میں آٹے کی فراہمی معطل ہے۔
فلور ملرز نے الزام عائد کیا تھا کہ محکمہ خوارک اور ایکسائز حکام اندرون سندھ سے گندم لے کر آنے والے ٹرکوں سے رشوت لیتے ہیں جس کی وجہ سے ملیں احتجاجاً بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہول سیل مارکیٹ کے صدر انیس مجید نے بتایا کہ مارکیٹ میں صرف 1 روز کے لیے آٹے کا اسٹاک موجود ہے معاملے کو حل نہ کیا گیا تو شہر میں آٹے کی قلت کا خدشہ ہے۔