آئی ایس آئی اور فوج کو بغیر ثبوت نشانہ بنانا افسوسناک ہے: تحریک انصاف

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں حامد میر پر حملے کی مذمت کی گئی۔ اجلاس کے بعد جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی۔ صحافیوں پر حملے کی بروقت تحقیقات ہونی چاہیے تاہم کسی ثبوت کے بغیر آئی ایس آئی اور فوج کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوس ناک ہے کیونکہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔

ایسے حالات میں میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ان حالات میں میڈیا کو اپنے احتساب کی بھی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف نے واضح کیا کہ وہ میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ اعلامیے میں حکومتی رویئے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکومتی رویئے اور بیانات میں ابہمام سے کئی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔

حامد میر پر حملے کے معاملے پر ہر وزیر اپنی زبان بول رہا ہے جبکہ وزیراعظم خاموش ہیں۔ حکومت معاملے کو سلجھانے کی بجائے تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ تحریک انصاف نے صحافیوں پر بیشتر حملوں کے ملزموں کی نشاندہی نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔