یوکرینی فوج کی روس نوازعلیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی میں 5 باغی ہلاک، متعدد زخمی

Army

Army

کیف (جیوڈیسک) یوکرین فوج کی جانب سے روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن کے دوران 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ روس نے یوکرین کی حکومت کو دھمکی دی ہے کہ روسی نژاد باشندوں کو ہلاک کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی فوج نے روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی میں ہیلی کاپٹر کا بھی استعمال کیا ، وزارت داخلہ کے مطابق روس نواز علیحدگی پسندوں نے 3 چیک پوسٹوں کو آگ لگا دی اور باغیوں نے فوج کے خلاف جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جس میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا، وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ مشرقی علاقے سلیویانک میں باغیوں نے شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے باغیوں سے مشرقی علاقے میری پول کا قبضہ چھڑا لیا ہے تاہم روسی حکومت باغیوں کو پر تشدد کارروائیوں کے لئے اکسا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغاوت کو کچلنے کے لئے ضرورت پڑنے پر بھرپور طاقت کا استعمال کیا جا ئے گا۔ دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ اپنی ہی عوام کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال سنگین جرم ہے جبکہ انہوں نے یوکرین کی حکومت کو دھمکی دی کہ روسی نژاد باشندوں کو ہلاک کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔