کابل (جیوڈیسک) افغان دارالحکومت میں پولیس اہلکار نے فائرنگ کر کے 3 امریکی شہریوں کو ہلاک کر دیا جس میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی امداد سے چلائے جانے والے کیور انٹر نیشنل اسپتال کے باہر تعینات پولیس اہلکار نے اچانک اندرونی احاطے میں داخل ہوکر امریکی ڈاکٹر اور 2 امریکی باشندوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ سے ایک مقامی شخص بھی زخمی ہوا، فائرنگ کے بعد حملہ آور اہلکار نے فرار ہونے کی کوشش کی تو دوسرے اہلکار کی فائرنگ سے وہ زخمی ہو گیا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے پولیس اہلکار کے ہاتھوں امریکی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تحقیقات سے قبل واقعہ سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔