مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے پونچھ سیکٹر پر بھارتی فوج نے شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کر دی جس کے خلاف پاک فوج نے بھی مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقوں کو خاموش کروا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے پونچھ سیکٹر پر پاکستانی علاقوں پر مارٹر گولے اور بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی تاہم پاکستانی فوج نے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقوں کو خاموش کروا دیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے بجوات سیکٹر پر وقفہ وقفہ سے ایک گھنٹہ تک بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے بعد پنجاب رینجرز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی بندوقیں خاموش کرا دیں۔