جرمنی (جیوڈیسک) ماریا شراپووا ہم وطن اناستاسیا پاولیچنکووا کو باآسانی شکست دے کر اسٹٹ گارٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئیں ۔
جہاں ان کا سامنا اگنیسکا ریڈووانسکا سے ہوگا ، بارسلونا اوپن میں کائی نیشکوری ، تیموریز گاباشیلوی اور ارنسٹس گلبز لاسٹ 8 میں پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق روسی ٹینس اسٹار اور دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا جمعرات کو ساتھی پلیئر اناستاسیا پاولیچنکووا کو باآسانی 6 – 4 اور 6 – 3 سے شکست دے کر اسٹٹ گارٹ ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئی ہیں۔
گذشتہ روز جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کیخلاف بمشکل پہلا مرحلہ عبور کرنیوالی شراپووا دوسرے مرحلے میں بالکل مختلف دکھائی دیں ۔ رواں برس کی 6 سیڈ شراپووا اسٹٹ گارڈ کے سرخ کلے پر تیسرا مسلسل ٹائٹل جیتنا چاہتی ہیں جبکہ فرنچ اوپن کیلیے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔
چار مرتبہ گرینڈ سلم چیمپئن سروس میں انتہائی مضبوط دکھائی دیں اور اپنی زوردار ریٹرنز سے پاولیچنکووا کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ کوارٹرفائنلز میں ان کا سامنا پولش ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا سے ہوگا جو اٹالین ڈبلز اسپیشلسٹ روبرٹا ونسی سے کہیں بہتر دکھائی دیں اور گیم 6 – 3 اور 6 – 2 سے اپنے نام کرلیا۔
ادھر میڈرڈ میں ہونیوالے بارسلونا اوپن میں جمعرات کو جاپانی 4 سیڈ کائی نشکوری نے قازقستان کے اینڈرے گولوبیو کو 6 – 0 اور 6- 4 سے پچھاڑ دیا۔ توقع ہے کہ ورلڈ نمبر 17 کو جمعہ کو سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا جب وہ مارین کلک یا ٹومی روبریڈو کیخلاف سیمی فائنلز میں جگہ پانے کیلیے مقابلہ کریں گے۔ 9 سیڈ ارنسٹس گلبز نے بھی البرٹ مونٹانیس کیخلاف 7 – 5 اور 6 – 1 سے فتح کے ساتھ لاسٹ 8 میں جگہ پالی ہے جہاں لیٹوین پلیئر کو روس کے تیموریز گاباشیلوی کا چیلنج درپیش ہوگا جنھوں نے بدھ کو سیکنڈ سیڈ اسپینش اسٹار ڈیوڈ فیرر کو ہرا کر اپ سیٹ کرتے ہوئے جمعرات کو انیگو سروانٹیس کو 6 – 4 اور 6- 2 سے قابو کیا تھا۔
بارسلونا میں نویں ٹائٹل کی تلاش میں موجود ٹاپ سیڈ رافیل نڈال جمعرات کو کوارٹر فائنل تک رسائی کی جستجو میں کروشیا کے ایوان ڈوڈگ سے ٹکرائیں گے۔