کیف (جیوڈیسک) عبوری وزیراعظم کا کہنا ہے کہ روس یوکرین میں فوجی اور سیاسی مداخلت کر کے تیسری عالمی جنگ شروع کرنا چاہتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس ہمارے داخلی معاملات میں مداخلت کر کے یورپ سمیت دنیا کے امن کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے، روس کا مقصد آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات پر اثرانداز ہو کر یوکرین کی سیاست اور فوج پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین میں فوجی مداخلت یورپ میں جنگ کے آغاز کا باعث بن سکتی ہے اور دنیا ابھی دوسری عالمی جنگ کو نہیں بھول پائی کہ روس تیسری جنگ عظیم شروع کرنا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یوکرین کے جزیرہ نما علاقے کریمیا کے عوام نے ریفرنڈم میں روس سے الحاق کے حق میں ووٹ ڈالے جس کے بعد روس نے کریمیا کو اپنا علاقہ تسلیم کر لیا تاہم بات یہیں پر ختم نہیں ہوئی بلکہ یوکرین کے دیگرعلاقوں میں بھی روس نواز علیحدگی پسندوں نے سرکاری عمارتوں پر قبضے کرلئے جس کے بعد یوکرینی فوج نے باغیوں کوکچلنے کے لئے ان کے خلاف آپریشن شروع کر دیا جو تاحال جاری ہے۔