روس مزید پابندیوں کے لیے تیار رہے ، امریکی وزیر خارجہ

John Kerry

John Kerry

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے وزیرِ خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ روس مشرقی یوکرین میں انتشار اور عدم استحکام پھیلا رہا ہے جس کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں روس کو تنبیہ کی ہے کہ وہ یوکرین میں کشیدگی ختم کرے ورنہ مزید پابندیوں کے لیے تیار رہے۔ جان کیری نے مشرقی یوکرین میں پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں روس اور امریکہ کے درمیان جاری بیان بازی کے دوران یوکرین کی عبوری انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کشیدگی ختم کرنے کے لیے 17 اپریل کو جنیوا میں کیے گئے معاہدے کی پاسداری کی ہے لیکن روس انتشار، فریب اور عدم استحکام پر یقین رکھتا ہے جس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے۔

جان کیری نے کہا کہ امریکی جاسوسی اداروں کو مکمل یقین ہے کہ روس مشرقی یوکرین میں عدم استحکام پیدا کرنے میں افرادی قوت، اسلحے، مالی امداد اور فوجی منصوبہ بندی کے ذریعے متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔انھوں نے خبردار کیا کہ روس کے پاس اپنی حکمت عملی بدلنے کے لیے کم مواقع رہ گئے ہیں اور اگر اس نے کشیدگی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا تو امریکہ اس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہے۔