راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کے قریب چکری روڈ پر وین میں آگ لگنے سے 5 خواجہ سرا جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ حادثہ راولپنڈی سے 60 کلو میٹر دور پیش آیا۔
وین میں خواجہ سرا اور ان کے ہم نوا سوار تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ پولیس کے مطابق چک دینال کے قریب اچانک وین میں آگ بھڑک اٹھی۔ 4 افراد شیشے توڑ کر باہر نکل آئے۔ تاہم 5 افراد جھلس کر جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال راول پنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔پولیس کے مطابق وین کے گیس سلینڈر بالکل ٹھیک حالت میں ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔