نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے سوتیلے بھائی دلجیت سنگھ کوہلی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔بھارتی انتخابات کا دنگل اپنے جوبن پر ہے۔
ایسے میں کانگریس کو اس وقت زوردار دھچکا لگا جب وزیر اعظم من موہن سنگھ کے سوتیلے بھائی دلجیت سنگھ کوہلی نے بی جے پی میں شمولیت کا اعلان امرتسر میں نریندر مودی کی ریلی کے دوران کیا۔
دلجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ من مو ہن سنگھ کے ساتھ کانگریس کے رویئے پر ناخوش تھے۔ اسی لیے انہوں نے بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
دلجیت سنگھ کے مطابق وہ جلد ہی بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ سنگھ فیملی دلجیت کے اس فیصلے پر حیران ہے۔ لیکن حیرانی کی کیا بات۔ سیاست کا یہی دستور ہے ، اقتدار جاتا ہے تو اپنے بھی ساتھ چھوڑنے لگتے ہیں۔