جھنگ کی خبریں 25/4/2014
Posted on April 26, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمرنے کہا ہے کہ ضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں
جھنگ( )ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمرنے کہا ہے کہ ضلع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور جس سے مختصر عرصہ میں عوام کو تبدیلی نظر آنا شروع ہو جائیگی۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پالیسی اور سوچ کو عملی جامہ پہنا کر سرکاری محکموں کے سسٹم میں بہتری لاکر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوںنے سی پی ڈی آئی کے زیر اہتمام معلومات تک رسائی کے حوالہ سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پروجیکٹ منیجر عثمان زبیر،ریجنل ڈائریکٹر حاجی منظور انور،کوآرڈی نیٹر فیصل منظور،ڈی او اٹارنی مہر منظور حسین،ڈی او سوشل ویلفیئر مہراظہر عباس عادل،ڈاکٹر محسن مگھیانہ کے علاوہ سی پی ڈی آئی و مختلف این جی اوزکے مرد و خواتین عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین شہری کثیر تعداد میں موجودتھے۔ڈی سی او نے کہا کہ شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو کھیل کی سہولیات مہیا کرنے کیلئے گرین بیلٹ ،پارکوں کو سرسبز و شاداب بنانے کا عمل جاری ہے
جس میں آسٹوٹرف گرائونڈ،کرکٹ گرائونڈ خواتین و بچوں کیلئے علیحدہ پارک اور جم خانہ بنایا جائیگا جبکہ اندرون شہر تمام سڑکوں کو کارپٹ بنانے کا کام شرو ع ہوچکا ہے جو کہ رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ضلع کی تمام تحصیلوں میں شکایات سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر موصول ہونے والی درخواستوں کی بروقت سماعت کرکے جائز شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسران او ر عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے ڈی ایم او کو واضع ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ عوام کو انکے روزمرہ کے کاموں اور معلومات کی رسائی میں بار بار چکر نہ لگانے پڑیں۔اس ضمن میں حکومت پنجاب نے آر ٹی آئی کا قانون پاس کر دیا ہے جس کے مطابق ہرادارہ اپنے متعلقہ امور کے بارے لوگوں کومعلومات دینے کا پابند ہوگا ۔انہوںنے کہا کہ معاشرہ میں تعلیمی انقلاب لانے کی ضرورت ہے جس کیلئے ہر شخص کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے چار سے سولہ سال تک کی عمر کے ناخواندہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے انرولمنٹ مہم چلا رکھی ہے
اورپہلے سے داخل بچوں کا اردو سے انگلش میڈیم تعلیم کی طر ف رجحان بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی لاء پر عمل درآمد کیلئے مختلف ضلعی محکمہ جات کے تعاون سے ایک کمیٹی تشکیل دیکر انفارمیشن سنٹر کا قیام عمل میں لایاجائیگا جہاں سے تمام محکمہ جات کے بارے ہر قسم کی معلومات باضابطہ طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔قبل ازیں عثمان زبیر ، منظور حسین ،حاجی منظور انور،فیصل منظور اور محمد نواز جعفری نے آر ٹی آئی قانون پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہمیشہ وہی نظام اچھا ہوتا ہے جو وقت اور واقعات کی راہنمائی کرے لہٰذا موجودہ دور میں معلومات تک رسائی حاصل کر کے حالات و واقعات کے بارے انفارمیشن رکھنا ضروری ہے ۔آر ٹی آئی کا قانون پاس کرکے موجودہ حکومت نے ایک بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔