حافظ سعید کی تھرپارکر آمد

Tharparkar

Tharparkar

صوبہ سندھ کے ضلع تھرپارکر میں قحط سے اموات کی خبریں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔انہیں خبروں کے بیچ جماعة الدعوہ کے امیر حافظ محمد سعید تھرپارکر جا پہنچے جہاں ان کی جماعت اور انکا رفاہی ادارہ فلاح انسانیت فائونڈیشن سالہا سال سے خدمات میں مصروف ہے ۔ جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے اپنے دورہ تھرپارکر کے موقع پر ضلع کے پسماندہ اور دور دراز گوٹھوں کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے تحصیل ڈیپلو کے گوٹھ ویسریابھ میں خصوصی طور پر کنویں کا افتتاح کیا۔ اس سے قبل اس گوٹھ میں پانی کی قلت کا شدید مسئلہ درپیش تھا۔

عورتیں اور بچے دور دراز سے پینے کا پانی لانے پر مجبور تھے۔ علاوہ ازیں حافظ محمد سعید نے متاثرہ مکینوں میں اپنے ہاتھوں سے سلائی مشینیں، کپڑے، جوتے اور ماہانہ خشک راشن کے پیک تقسیم بھی کیے۔ متاثرین نے حافظ محمد سعید کو اپنے درمیان پاکر نہایت خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ حافظ محمد سعید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی ایف واٹر پر وجیکٹ کے تحت تھرپارکر میں پانچ سو کنویں تعمیر کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ گیارہ سو کنوئوں کے لیے سروے مکمل کرلیا گیا ہے، جن میں سے 100 پر کام جاری ہے، جبکہ 42 اس ماہ مکمل کر لیے جائیں گے۔حافظ محمد سعید نے تھرپارکر کے دورے کے موقع پر خودکفالت سکیم کے تحت بیوگان میں بکریاں اور سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر غربت زدہ عوام انتہائی پرمسرت دکھائی دیے۔ تحصیل ڈیپلو کے رہائشی بشیر احمد کا کہنا تھا کہ جماعة الدعوة کی خدمات قابل تحسین ہے۔ یہ نہ صرف مسلمانوں کو امداد فراہم کر رہی ہے، بلکہ ہندوئوں کو بھی بلا امتیاز امداد کی ترسیل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاح انسانیت فائونڈیشن روز اول سے اب تک مسلسل رفاہی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں۔ جبکہ بہت سی تنظیمیں جو ابتدائی دنوں میں منظر عام پر آئی تھیں، اب وہ نظر نہیں آتی۔

حافظ محمد سعید نے تحصیل ڈیپلو کے گوٹھ ویسریابھ میں خود گاڑی چلا کر کنویں کے افتتاح کے لیے پہنچے۔ جس پر گوٹھ کے مکین اور موقع پر موجود افراد انتہائی حیران اور پرمسرت دکھائی دیے۔ حافظ محمد سعید نے صحرائی زمین میں دشور گزار ٹیلوں پر گاڑی ڈرائیو کرکے ناظرین کو ورطہ حیرت میں مبتلا کیے رکھا۔تھرپارکر آمد پر حافظ محمد سعید نے تھرپارکر کے ڈسٹرک ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا خصوصی دورہ کیا۔ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر انہوں نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت بھی کی۔ ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھر میں قحط کی وجہ سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہوئے ہیں۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن روز اول سے دور دراز گوٹھوں میں طبی امداد اور مفت ادویات کی فراہمی میں مصروف ہے۔ حافظ محمد سعید نے ڈاکٹروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعة الدعوة علاج معالجے کے لیے تھرپارکر میں ڈسپینسریاں قائم کرے گی، جہاں سے مزید وسیع پیمانے پر مریضوں کو ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ڈاکٹروں نے حافظ محمد سعید کے دورہ تھرپارکر کو سراہتے ہوئے جماعة الدعوة کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تھر پارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی میں جماعة الدعوة نے ایک بڑے جلسہ عام کا بھی اہتمام کیا جس میں عام مسلمانوں کے علاوہ مختلف سیاسی، مذہبی و اقلیتی برادری سے خاص طور پر ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں اور عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے علاوہ پروگرام کے کوریج کے لیے اردو، سندھی اور انگریزی میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی پروگرام میں موجود رہی۔ حافظ محمد سعید نے اسی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف برادریوں کا جمع ہوکر مل بیٹھنا، دنیا کے لیے بہت بڑی دعوت ہے کہ جماعة الدعوة امن اور سلامتی چاہتی ہے۔ علاوہ ازیںان کے خطاب سے قبل اہل سندھ نے اپنے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کو اجرک اور سندھی ٹوپی بھی خصوصی طور پر پہنائی۔یوںتھرپارکر میں منعقد ہونے والا تاریخی جلسہ عام جماعة الدعوة سندھ کی تاریخ کا ایک منفرد پروگرام قرار پایا۔

اس موقع پر پورے مٹھی شہر کو کلمہ طیبہ والے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ جلسہ عام میں شرکت کے لیے شہر میں قائم کردہ کیمپ سے جماعة الدعوة کے کارکنان عوام کو بھرپور اندازسے دعوت دیتے رہے۔ اس قدر بڑے پروگرام پر نہ صرف عوام بلکہ مقامی صحافی بھی معترف نظر آئے کہ اس سے قبل تھرپارکر میں اس جیسا منظم اور بڑا پروگرام نہیں ہوا، یہ اعزاز جماعة الدعوة ہی کو حاصل ہوا ہے۔جلسہ عام سے خطاب میں جماعة الدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ تھرپارکر میں مسلمانوں سمیت ہندوئوں کی بھی بلا امتیاز خدمت کر رہے ہیں۔ ہمارا مطمع نظر امن کاقیام اور ظلم کا خاتمہ ہے۔ گجرات اور احمد آباد میں مسلم کش فسادات کا ذمہ دار نریندر مودی سندھ کے ہندوئوں کو بھارت آنے کی دعوت دے رہا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں، جان و مال اور عزت و آبرو محفوظ ہیں۔ امریکا کی افغانستان میں شکست اس بات کا واضح اظہار ہے کہ جو انصاف کرے گا وہ زندہ رہے گا۔ بھارت اگر امن چاہتا ہے تو ظلم کا راستہ ترک کرکے مسلمانوں کے حقوق انہیں فراہم کریں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فلاح انسانیت فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف، جماعة الدعوة پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ خالد ولید، مرکزی ناظم اطلاعات یحییٰ مجاہد، جماعة الدعوة سندھ کے مسئول فیصل ندیم،جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، جماعة الدعوة شعبہ دعوت و اصلاح سندھ کے ناظم حافظ محمد انور و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ جلسہ عام میں تھر پارکر کے تمام تحصیلوں اور دور دراز گوٹھوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ قبل ازیں حافظ محمد سعید نے ڈسٹرک ہسپتال مٹھی کے دورے کے علاوہ تھرپارکر کے مختلف گوٹھوں کا بھی دورہ کیا اور متاثرین کے مسائل سنے۔ انہوں نے نئے تعمیر کیے گئے کنوئوں کا افتتاح کیا اور بیوگان میں بکریاں، سلائی مشینیں اور متاثرین میں راشن پیک، کپڑے اور جوتے بھی تقسیم کیے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ فلاح انسانیت فائونڈیشن روز اول سے تھرپارکر میں رفاہی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں۔ قحط زدہ علاقوں میں ڈسپنسریاں قائم کرکے مزید وسیع پیمانے پر طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کریں گے۔

Hafiz Saeed

Hafiz Saeed

انہوں نے کہا کہ حکومت اور رفاہی نتظیمیں آگے بڑھ کر متاثرین کی بحالی کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کرے۔ جماعة الدعوة کسی لالچ اور مفادات کے بغیر متاثرین کے درد کو محسوس کرکے رضائے الہی کے حصول کے لیے صحرائے تھر میں امدادی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوئوں کی خدمت انسانیت کے جذبے کے تحت کر رہے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارت ہمارے دریائوں پر ڈیم بناکر پاکستان کی سرزمین کو بنجر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ پاکستان میں بجلی بحران اور قحط سالی کا خاتمہ بھارت سے اپنے پانیوں کو آزاد کرانے کے بعد ہی ممکن ہے۔ بھارت کے صحرائی خطے سرسبز اسی لیے ہیں کہ وہ ہمارا پانی چوری کرکے اپنے زمینوں کو سیراب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ذمہ داران اور جماعتوں کے سربراہان سب مل کر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔

بھارت پاکستان میں انتشار پھیلاکر اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔ کشمیر کی آزادی سمیت تمام تر حقوق کی فراہمی تک جماعة الدعوة کی جدوجہد جاری رہے گی۔مٹھی کے اس منفرد جلسہ عام میں سخت گرمی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں پروگرام میں شریک تھے۔حافظ محمد سعید نے جلسہ عام کے اختتام پر بارش کے نزول کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ جلسہ اختتام پذیر ہوتے ہی آسمان پر بادل منڈلانے لگے اور یک دم زور دار بارش نے گرمی کا زور توڑتے ہوئے موسم کو خوشگوار بنادیا۔دو سال برسے والی اس بارش کے دوران سبھی لوگ اس موقع پر حافظ محمد سعید اور ان کے ساتھیوں کو دعائیں دیتے اور ان سے اظہار عقیدت کرتے نظر آئے۔

یہاںآنے والے سبھی لوگوں کے لئے وسیع پیمانے پر کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔یوں اس خوشی میں تھرپارکر کے دور دراز علاقوں اسلام کوٹ، ننگر پارکر، ڈیپلو، چھاچھروسے آئے ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کے ساتھ ہندو بھی شریک ہوئے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کی طرف سے مٹھی ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور دیگر متاثرین کیلئے تیار کھانے کی تقسیم کا سلسلہ ڈیڑھ ماہ سے جاری ہے۔ حافظ محمد سعید سعید اور ان کے رفقاء کی تھرپارکر آمد نے قحط کے مارے لوگوں کے لئے خوشیوں کا وہ سماں باندھا کہ جس کا یہاں کبھی تصور بھی نہیں تھا۔

Ali Imran Shaheen

Ali Imran Shaheen

تحریر: علی عمران شاہین