کراچی (جیوڈیسک) رینجرز نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کے ایک درجن سے زائد مقدمات میں مطلوب کالعدم تنظیم کے اہم رکن قاری نوشاد کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے رکن قاری نوشاد کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر لیاری کے علاقے نیا آباد میں کارروائی کی گئی تو ملزم نے فرار کی کوشش میں رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہو گیا، جوابی کارروائی میں قاری نوشاد ہلاک ہو گیا جب کہ پولیس نے اس کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم دہشت گردی کے 12 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا اور لیاری سے ایک نیٹ ورک چلا رہا تھا، قاری نوشاد کی گرفتاری کے لئے پہلے بھی متعدد چھاپے مارے گئے لیکن ملزم ہر بار فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتا تھا، قاری نوشاد اپنے ٹھکانے تبدیل کرتا رہتا تھا اور کسی کو بھی اس کے ٹھکانے کا پتہ نہیں ہوتا تھا۔