ثقلین مشتاق چیف کوچ کی دوڑ میں شامل ہو گئے

Saqlain Mushtaq

Saqlain Mushtaq

کراچی (جیوڈیسک) ثقلین مشتاق پاکستانی ٹیم کے چیف کوچ کی دوڑ میں شامل ہو گئے۔ سابق آف اسپنر نے ٹاپ پوزیشن کے ساتھ اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کیلیے بھی درخواست دے دی ہے، ان کے مطابق جس حیثیت سے بھی موقع ملا وہ ملک کی خدمت کیلیے تیار ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی سابق پیسر وقار یونس کو چیف کوچ مقرر کرنے کا تقریباً فیصلہ کر چکا،البتہ رسمی طور پر اشتہار بھی جاری کیا ہے، اسے دیکھتے ہوئے برطانیہ میں مقیم سابق ٹیسٹ اسپنر ثقلین مشتاق نے ٹاپ پوزیشن کیلیے درخواست جمع کرا دی۔

انھوں نے ساتھ ہی اسپن کنسلٹنٹ کی پوسٹ کیلیے بھی اپلائی کیا ہے، گوکہ اس ذمہ داری کو سابق اسپنر مشتاق احمد کو سونپنے کا ذہن بنایا جا چکا تاہم بعض حلقوں کی جانب سے جسٹس قیوم رپورٹ میں نام شامل ہونے کی وجہ سے اس پر اعتراض سامنے آیا ہے، اسی کے ساتھ بعض لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ تو انگلش ٹیم کیساتھ کام کر چکے لہذا پاکستان کیلیے تقرر میں کیا قباحت ہو گی۔

ماضی میں بھی ایک بار مشتاق کو گرین شرٹس کیساتھ منسلک کرنے کی کوشش انہی وجوہات کی بنا پر ناکام ہو چکی ہے، سابق لیگ اسپنر خود نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈر 17 اور 19 اسپنرز کی رہنمائی میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں،اگر بورڈ ان کی تقرری پر سامنے آنے والا دباؤ جھیلنے کا ارادہ کر چکا تو مشتاق عہدہ سنبھالنے کیلیے فیورٹ ہیں، بصورت دیگر ثقلین مشتاق کا آپشن موجود ہے، وہ ماضی میں نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ بطور اسپن کنسلٹنٹ فرائض انجام دے چکے، اسی کے ساتھ انھوں نے ویسٹ انڈین اسپنرز کی بھی رہنمائی کا کام سنبھالا۔

گذشتہ عرصے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں وہ کیریبیئن سائیڈ کے ساتھ بنگلہ دیش میں موجود رہے، آسٹریلیا نے بھی چند برس قبل اسپنر ناتھن ہورٹز کی مدد کیلیے ایشز سیریز کے دوران انھیں بلایا تھا،اب بھی ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ان سے معاہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں، مگر ’’دوسرا‘‘ گیند کے موجد اپنے ہم وطنوں کو اسپن بولنگ کے اسرار و رموز سکھانے کے خواہاں ہیں۔