وزیراعلیٰ شہباز شریف سے آئی ایل او کے وفد کی ملاقات

لاہور: وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے آج یہاں انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن (ILO) کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں جاری سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایل او کے وفدنے محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے ،چائلڈ لیبر کے خاتمے اورمحنت کشوں کے دیگر فلاحی پروگراموں میں ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ محنت کشوں کے لیے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانے،چائلڈ لیبر کے خاتمے اور ورکرز کے لئے فلاحی پروگراموں کے حوالے سے آئی ایل او کا کردار بہت اہم ہے۔

برطانوی ادارے ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پروگرام میں آئی ایل او بھی پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کرسکتی ہے اوراس ضمن میں پنجاب حکومت اور آئی ایل او سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف شہروں میں جدید تربیتی مراکز کے قیام میں تعاون کر سکتے ہیں۔

تربیت یافتہ لیبر فورس صنعتی پیداوار میں اضافے اور قومی معیشت کے استحکام میں اہم کردارادا کرتی ہے۔پنجاب حکومت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند، افرادی قوت کی تیاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام صنعتی پیداوار بڑھانے اور محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے اہم کردارادا کر رہا ہے۔