پشاور (جیوڈیسک) طالبان مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے رابطے پر طالبان شوریٰ نے براہ راست مذاکرات کی جگہ کے تعین کیلئے 2 روز کا وقت مانگ لیا ہے۔ طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رابطہ کار مولانا یوسف شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے روشنی میں طالبان شوریٰ سے رابطہ کیا۔ جس میں انہوں نے ان سے براہ راست مذاکرات کے دوسرے دور کے لئے جگہ کے تعین کی بات کی، طالبان شوریٰ نے موقف اختیار کیا ہے کہ جگہ کے تعین کے لئے طالبان کمانڈروں کے درمیان مشاورت جاری ہے، اس سلسلے میں کوئی بھی جواب 2 روز میں دیا جائے گا۔
طالبان مذاکراتی کمیٹی کے رابطہ کار مولانا یوسف شاہ کہا ہے کہ طالبان کی سیاسی شوریٰ سے رابطہ ہو گیا ہے، امید ہے کہ آئندہ 2 یا 3 روز میں حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب پروفیسر ابراہیم نے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے رہا کئے گئے قیدیوں کی فہرست تاحال نہیں ملی ، طالبان سے رابطے بحال ہیں، انہیں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی وڈیو کا پتہ میڈیا کے ذریعے چلا، اگر علی حیدر گیلانی طالبان کی تحویل میں ہوا تو اس کی رہائی سے متعلق بات کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں جس ذیلی کمیٹی کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا تھا وہ بھی آئندہ چند روز میں تشکیل دے دی جائے گی اور اس کا باضابطہ اعلان حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔