لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ ضرورت پڑنے پر محمد اکرم کی بطور بولنگ کوچ خدمات بھی حاصل کر سکے گا۔ اس کام کیلیے سابق پیسر قومی ٹیم کے ساتھ ٹورز پر بھی روانہ ہونگے۔ پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق محمد اکرم کو نہ صرف سلیکشن کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے بلکہ ان کو فوری طور پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی سپردکی جارہی ہیں، سابق پیسر کی تقرری کا مقصد کھیل کو گراس روٹ پر بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
وہ اپنے انٹرنیشنل تجربے کی بدولت ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلیے تربیتی کیمپس سمیت مختلف منصوبوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،ان کی موجودگی میں این سی اے کا سسٹم زیادہ فعال اور منظم ہو سکتا ہے۔ بورڈ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں مختلف سطح پر تربیتی کیمپس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ جہاں بھی ضرورت محسوس ہوئی ان کی بطور بولنگ کوچ خدمات سے استفادہ کیلیے قومی ٹیم کے ساتھ ٹورز پر بھی بھیجا جائے گا۔