افغانستان میں نیٹو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 فوجی ہلاک

Afghanistan

Afghanistan

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے جنوبی علاقے میں نیٹو فورسز کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیٹو فورسز کا ہیلی معمول کی پرواز پر تھا کہ صوبہ قندھار کے علاقے تختہ پل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار پانچوں فوجی ہلاک ہوگئے، صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق نیٹو فورسز کا ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز پر تھا اور فنی خرابی کے باعث تختہ پل کے علاقے میں گرکرتباہ ہوا۔

دوسری جانب نیٹو فورسز کے ترجمان کا طالبان کی جانب سے کارروائی کے خدشے کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا جبکہ ہیلی کاپٹر میں آگ لگ جانے سے فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئیں تاہم فوجیوں کا تعلق کس ملک سے ہے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔