عمران خان کا آئی ایس آئی پر لگائے گئے الزامات پر’’جیو انتظامیہ‘‘ سے معافی مانگنے کا مطالبہ

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے قومی دفاعی ادارے آئی ایس آئی پر بے بنیاد الزامات پر جیو نیوز کی انتظامیہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی اور سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال سمیت کئی اندرونی اور بیرونی مسائل سے دوچار ہے اور ایسے وقت میں مخصوص میڈیا ہاؤس کی جانب سے اہم قومی ادارے پر بغیر کسی ثبوت کے الزام عائد کیا جانا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیو انتظامیہ نے عام انتخابات میں بھی حلقوں کے نامکمل نتائج نشر کرکے دھاندلی میں اہم کردار ادا کیا لیکن اس کے باوجود بھی تحریک انصاف خاموش رہی تاکہ میڈیا پر کوئی آنچ نہ آئے حالانکہ اس وقت بھی جیو نیوز مسلم لیگ (ن) کے بطور میڈیا سیل کام کر رہا تھا اور اس کے لئے اسے مالی سپورٹ بھی حاصل تھی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جیو انتظامیہ کی جانب سے منظم مہم کے تحت آئی ایس آئی پر الزمات عائد کرکے فوج کو بدنام کرنے اور فوجی جوانوں کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی گئی۔

جبکہ حکومت نے بھی اس پر کوئی واضح مؤقف نہیں دیا جو انتہائی قابل مذمت ہے، تحریک انصاف ہمیشہ مضبوط اور آزاد میڈیا کی حامی رہی ہے لیکن آئی ایس آئی پر بے بنیاد الزامات لگانے پر جیو انتظامیہ قوم، فوج اور آئی ایس آئی سے معافی مانگے۔